ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹکرائو آج ہوگا

مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹی 20سیریز کا پہلا میچ آج اولڈٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا اور قومی ٹی 20کپتان بابراعظم سیریز میں فتح کیلئے پرامید ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں آج کھیلے جانے والا پہلا ٹی 20میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بجے شروع ہو گا ۔تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دئیے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو سیریز میں کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔

ٹی 20سیریز میں فتح کیلئے پرامیدقومی کپتان اعظم نے ویڈیولنک پریس کانفرنس میں کہاکہ ٹیم میں سینئرزاور جونیئرز کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے اور تمام کھلاڑی سیریز جیتنے کیلئے پرجوش ہیں۔سب پلیئرز ٹیم کے بارے میں سوچتے ہیں کوئی اپنی انفرادی کارکردگی کا نہیں سوچتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں بڑی اننگز نہ کھیلنے کا دکھ ہے لیکن میری ہروقت ہی رنزبنانے کی کوشش ہوتی ہے ،میری خواہش ہے کہ ٹی 20سیریز میں سنچری سکورکروں،مجھ پر سیریز کا پریشر نہیں ہے ،اپنی نیچرل گیم کھیلوں گا۔ٹی 20کپتان کا کہناتھاکہ سرخ سے سفید بال کی کرکٹ میں فوری واپسی مشکل لگتی ہے اور ٹریننگ کیلئے وقت بھی کم ملا لیکن اس کے باوجود ہم جیت کیلئے پرعزم ہیں ۔

ہماری کوشش ہوگی کہ مثبت چیزوں کو لے کر سیریز کا آغاز کریں ، حیدر علی زبردست کھلاڑی ہے ، کوشش ہوگی کہ اسے ضرور موقع دیں،محمد رضوان بہت اچھی فارم میں ہیں،سرفراز بھی نمبر ون کیپر ہیں، دونوں وکٹ کیپر اچھی فارم میں ہوں تو فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتاہے تاہم حتمی ٹیم کا انتخاب کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بائیو سکیور ماحول میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا ، کسی کھلاڑی نے کوئی شکایت نہیں کی۔

error: Content is protected !!