برطانوی اوپنر جیسن روئے ان فٹ،پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)برطانوی اوپنر جیسن روئے زخمی ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ اولڈ ٹریفورڈ میں وائٹ بال سکواڈ کے ساتھ تیاریوں کے دوران جیسن روئے بائیں جانب کی سائیڈ سٹرین کا شکار ہوئے تھے اور بدھ کے روز ان کا سکین ہوا تھا۔ روئے انگلش سیٹ اپ کے ساتھ رہیں گے اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے ماہ شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز سے قبل مکمل فٹنس کے لیے بحالی کے عمل سے گزریں گے۔

جیسن روئے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچوں کے دوران فارم کے لئے جدوجہد کرتے دکھائی دیئے اور 3 اننگز میں صرف 25 رنز بناسکے، ان کی عدم موجودگی ٹام بینٹن کو جونی بیئرسٹو کے ساتھ مل کر اوپننگ کرنے کا موقع فراہم کرے گی جنہوں نے کرسمس سے قبل بھی ان کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں اوپننگ کی تھی ۔

یاد رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے جبکہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ڈے ہوگا۔

تعارف: newseditor