روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے پنجاب کونسل فار ٹریڈیشنل سپورٹس اینڈ گیمز کا قیام

روایتی کھیل ہماری ثقافت کی پہچان، ان کو فروغ دے کر نئی نسل کو اپنی روایات سے آگاہی دے سکتے ہیں،احسان بھٹہ


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )پنجاب کے گلی، محلوں کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے پنجاب کونسل فار ٹریڈیشنل سپورٹس اینڈ گیمز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،کونسل کے پیٹرن وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی اور وزیر تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال ہوں گے، پنجاب کونسل فار ٹریڈیشنل سپورٹس اینڈ گیمز کی جنرل اسمبلی اجلاس کا پہلا اجلاس پنجاب سٹیڈیم میں منگل کے روز منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ کوپنجاب کونسل فار ٹریڈیشنل سپورٹس اینڈ گیمز کا صدر، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو سینئر نائب صدر، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان کو نائب صدر،ڈاکٹر نعمان سعید کو سیکرٹری جنرل اور محمد حفیظ بھٹی کو ایگزیکٹو ممبر منتخب کیا گیا،

اجلا س میں ایسوسی ایٹ سیکرٹری ابوظفر صادق،ایس پی محمود الحسن رانا، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی طاہرہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین ودیگر نے شرکت کی، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب کے گلی، محلوں کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا،

جس کے تحت پنجاب کے روایتی کھیلوں پھٹو گول گرم، سٹاپو، گلی ڈنڈا،باندر کلہ، روایتی کشتی،کبڈی، پل گولی، لُکن میٹی،ون جو ودیگر کوفروغ دیا جائے گا،سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی کھیل ہماری ثقافت کی پہچان ہیں، ان کو فروغ دے کر ہم نئی نسل کو اپنی روایات سے آگاہی دے سکتے ہیں،

نئے کھیلوں کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے روایتی کھیلوں کو بھی زندہ رکھنا ہوگا، روایتی کھیلوں کے انعقاد کے لئے بڑے انفراسٹرکچر کی ضرورت نہیں ہے، اس پرزیادہ فنڈز بھی خرچ نہیں ہوتے،روایتی کھیل گلی، محلوں کی سطح پربھی منعقد ہوسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ روایتی کھیلوں کی پنجاب گیمز اگلے سال فروری، مارچ میں منعقد کرانے کیلئے سفارشات مانگ لیں،اس کے لئے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نعمان سعید کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی،

ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ روایتی کھیلوں کے انعقادسے معاشرے کے محروم طبقے کو بھی مواقع ملیں گے، سپورٹس کو بھی فروغ ملے گا،ان کھیلوں کو بین الاقوامی سطح پر بھی متعارف کرانے کے لئے اقدامات کریں گے،گلی، محلوں کی کھیلوں کو فروغ دینے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں گے جس سے وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں گے۔

تعارف: newseditor