سائوتھمٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انگلینڈ کی بہترین فارم برقرار ہے جہاں اس نے آسٹریلیا کو مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ساؤتھمپٹن میں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم وہ اس فیصلے سے فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ابتدا میں ہی ڈیوڈ وارنر اور الیکس کیری کی وکٹیں گرنے کے بعد 40 رنز بنانے والے ایرون فنچ اور 35 رنز بنانے والے مارکس اسٹوئنس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو سہارا دیا۔
بعد ازاں میکس ویل کے 26 اور ایشٹن ایگر کے 23 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے ہوم ٹیم کو 158 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے 2 جبکہ جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ بھی جونی بیئرسٹو کی شکل میں اہم وکٹ سے محروم ہوگیا۔ایسے میں ڈیوڈ ملان کے 42 اور جوز بٹلر کے ناقابل شکست 77 رنز کے باعث انگلینڈ 6 وکٹوں سے کامیاب رہا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن ایگر 2 جبکہ ایڈم زیمپا اور مچل اسٹارک ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کو سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا آخری میچ 8 ستمبر کو ساؤتھمپٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے آسٹریلیا کو شکست دیدی تھی۔