یوم دفاع نمائشی ہاکی میچ الصغیر ہاکی کلب نے جیت لیا

کینٹ کمبائنڈ کلب کو 9-3 سے شکست، عارف حنیف کی ڈبل ہیٹ ٹرک نے جیت میں اہم کردار ادا کیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) عارف حنیف کی ڈبل ہیٹ ٹرک نے الصغیر ہاکی کلب کو کینٹ کمبائنڈ کلب کیخلاف 9-3 سے فتح دلادی ، سینٹر فارورڈ نے لگاتار نصف درجن گول اسکور کرکے حریف ٹیم کے دفاع پر لرزا طاری کردیا ،، شکست خوردہ ٹیم صرف تین گول ہی اسکور کرسکی ۔ کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس فیڈرل بی ایریا میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے کھیلا گیا نمائشی ہاکی میچ یک طرفہ رہا ، الصغیر کلب کی فاروڈ لائن نے حریف ٹیم کے گول پوسٹ کو تختہ مشق بنالیا، انکی جانب سے پہلا گول رائٹ ان منور عباس نے لیفٹ ان مسرور جاوید کے خوبصورت پاس پر اسکور کیا اسکے بعد عارف حنیف نے گولوں کی برسات کردی ، لگاتار چھے گول اسکور کرکے اپنی ڈبل ہیٹ ٹرک بنائی ،

اسی اثناء میں کینٹ کمبائنڈ کلب نے بھی چند اچھے مووز بنائے جس کے نتیجے میں انکے سینٹر ہاف کامران اطہر نے دو جبکہ سینٹر فارورڈ محمد سلمان نے ایک گول اسکور کیا، دوسری جانب الصغیر ہاکی کلب کے گول اسکور کرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا انکے متحرک فاروڈز نے اس سلسلے کی جاری رکھا میچ کے آخری لمحات میں رائٹ آئوٹ فیصل جاوید اور منور عباس نے گول بناکر مقابلہ 9-3 سے اپنی ٹیم کے حق میں کردیا ۔ میچ کے مہمان خصوصی جاوید اقبال بیگ تھے انکا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا گیا ،

مہمان خصوصی نے یوم دفاع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائی افواج نے جرات اور بہادری ملک کا نہ صرف کامیاب دفاع کیا بلکہ دشمن کو ہمیشہ کا سبق سکھایا کہ وہ آئندہ ہم پر حملے کی ناپاک جسارت نہ کرے ہم غافل نہیں زندہ قوم ہیں ، بعد ازاں انہوں نے صغیر کلب کے سیکریٹری عظمت پاشا ، سید صغیر حسین ، عامر صدیقی ، اور دیگر کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے ۔ نمائشی میچ کو دیکھنے کیلئے شائقین بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

تعارف: newseditor