عماد عالم آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے پی سی بی کی اجازت سے کراچی میں 100ٹیموں کا ٹورنامنٹ کرائیں گے‘ اعجاز فاروقی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمدفاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ کلب نے جیت لیا۔فائنل میں بلال فرینڈز کو 198رنز سے شکست کا سامنا۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کرکٹ کلب کومبارکباد دی اور بلال فرینڈز کرکٹ کلب کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔مہمان خصوصی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس پُروقار تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اس وقت کلب کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں اور کرکٹ آرگنائزرز احساس محرومی کا شکار ہیںاسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلان کررہا ہوں کہ جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے کراچی میں 100ٹیموں کا ایک آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے۔
کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ کلب کرکٹ ہی بنیادی کرکٹ ہے اس کا زیادہ سے زیادہ فروغ ہونا چاہیے۔مہمان خصوصی نے اپنی تقریر کے اختتام پر توصیف صدیقی، جمیل احمدسمیت پوری آرگنائزنگ کمیٹی کو ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد توصدیف صدیقی، چیئرمین ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ سب سے پہلے میں پروفیسر اعجاز فاروقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے آج ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔اگر وہ اس ٹورنامنٹ کے جملہ اخراجات برداشت نہ کرتے تو ٹورنامنٹ کا انعقاد نا ممکن تھا۔اس لئے کہ ٹورنامنٹ کی کوئی انٹری فیس نہیں تھی اور ٹورنامنٹ کو گیندیں بھی فری فراہم کی گئیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا بھی شکر گزار ہوں۔جنہوں نے ہمیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت دی۔اس کے ساتھ میں اپنے صحافی بھائیوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا
ہوںکہ جس انداز میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا نے اس ٹورنامنٹ کو کوریج دی وہ قابل ستائش ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد ٹورنامنٹ سیکریٹری نے ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کرکٹ کلب کو مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کیلئے کلب کرکٹ کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔ پی سی بی کو بھی کلب کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ کلب کرکٹ ہی کھلاڑیوں کی نرسری ہوتی ہے۔یہاں ان کی تربیت کے ساتھ ساتھ انکی صلاحیتوں میں بھی نکھار آتاہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی کھلاڑیوں کیلئے مسیحائے کرکٹ ہیں۔جنہوں نے گذشتہ تین سالوں میں بغیر کسی عہدے کے20سے 25ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔آخر میں انہوں نے مذکورہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 80ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر ٹورنامنٹ کا بروقت ختم ہوناممکن نہیں تھا۔
اختتامی تقریب میں جن اعزازی مہمانوں نے شرکت کی ان میں محمد اکرم خان، ظفر احمد، شہزاد عالم، جاوید خان، عارف وحید خان، مظہر اعوان، عزیز منصور،امجد علی، افضل قریشی، اعظم خان، محمد اصغر، سعید جبار، ندیم خان، سید شاہد علی،ثروت علی، فرید الدین ، محمد نظام، عارف حفیظ، شہروز علوی، طارق حفیظ، نعیم پرویز، وسیم علوی، نصرت اﷲ، ریاض احمد، ذیشان شاہ، مسرت رضاکے علاوہ میڈیا نمائندگان زبیر نذیر خان، اصغر عظیم، رفیق انصاری، طارق اسلم ودیگر نے بھی شرکت کی۔نظامت کے فرائض شاہد نواب نے انجام دئے۔قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کرکٹ کلب نے بلال فرینڈزکو 198رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 8وکٹوں پر عماد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت303رنز اسکور کئے۔عماد عالم نے 4چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 101گیندوں پر 105رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اکبر الرحمن نے 4چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 88گیندوں کا سامنا کرکے 86رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔محمد افضل کے 28گیندوں پر 50رنز کی باری میں 3چھکے اور 4چوکے شامل تھے جبکہ محمد عثمان نے 28گیندوںکا سامنا کرتے ہوئے 6چھکوں کی مدد سے 35رنز اسکور کئے۔محمد علی بٹ اور بلال جاوید نے 20اور45رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جوابی اننگز مین بلال فرینڈز کی پوری ٹیم 25.2اوورز میں 105رنز پر پویلین لوٹ گئی۔محمد علی بٹ نے 26اور افروز حسن نے 24رنز اسکور کئے۔محمد اصغر نے 40رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد عالم نے 12رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کپتان عدنان کلیم نے 7رنز دے کر 3وکٹ اپنے نام کیں۔ایمپائرنگ کے فرائض عمران جاوید اور فہیم احمد بخارینے انجام دئے جبکہ عبید احمد آفیشل اسکورر تھے۔ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین داؤد اسپورٹس کے نوید خان کو پانچ ہزار روپے کا کیش پرائزملا۔ بہترین بولر بلال فرینڈز کے بلال جاوید اور پاکستان کرکٹ کلب کے محمد اصغر کو مشترکہ طور پر دیا گیا انہیں ڈھائی ڈھائی ہزار روپے نقد ، عالمگیر جیم خانہ کے عاشر احمد کوبہترین وکٹ کیپر قرار دیتے ہوئے پانچ ہزار نقد، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بلال فرینڈز کے افروز حسن کو پانچ ہزارروپے نقدجبکہ مین آف دی فائنل عماد عالم کو 10ہزار روپے کا کیش پرائز دیا گیا۔