لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےتمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔
اٹھارہ ستمبر کو لیے گئے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب لاہور کے سنٹرل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے اسکواڈز آج ملتان کے رمادا ہوٹل پہنچ جائیں گے، جہاں وہ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔اُدھر سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی ملتان میں موجود ہیں۔
دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعدچھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون اسکواڈز میں شامل کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف اب 20 ستمبر سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔
کوویڈ19 پروٹوکولز اور مختلف اوقات کار کی وجہ سے ان اسکواڈز کی ٹریننگ کے لیے2 وینیوزبنائے گئے ہیں۔ ان وینیوز میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹرشامل ہیں۔
تاہم سنٹرل پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے چند روز تاخیر سے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی درخواست کی تھی۔ کامران اکمل کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل دیگر 102 کھلاڑیوں کی طرح کامران اکمل کے پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی۔
دوسری جانب کوویڈ19 کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدراب مزید 5 روز کنٹری کلب مریدکے میں سیلف آئسولیشن میں رہیں گے۔ اس دوران ان دونوں کوچز کے 2کوویڈ19 ٹیسٹ ہوں گے، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ کوویڈ19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے بعد ان دونوں کوویڈ19 ٹیسٹ کے اخراجات فیصل اقبال اور وسیم حیدر کو خود برداشت کرنے ہوں گے۔
ڈاکٹر ریاض احمد، سربراہ پی سی بی کوویڈ19 میڈیکل ٹیم :
پی سی بی کوویڈ19 میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن برائے 21-2020 کے لیے اعلان کردہ کوویڈ19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کا عزم کررکھا ہے اور اس کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ تمام اسکواڈز کو کوویڈ19 کے پروٹوکولز پر بریفنگ کے باوجود فیصل اقبال اور وسیم حیدر کا خلاف ورزی کرنا افسوسناک ہےتاہم اس عمل سے بائیو سیکیور ببل میں رہنے والے تمام افراد کو ایک بار پھر واضح پیغام مل گیا ہے کہ پی سی بی کوویڈ19 کے پروٹوکولز پر زیرو ٹولیرنس پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے تاہم پی سی بی کو اندازہ ہے کہ ان غیرمعمولی حالات میں ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا ، جس سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کی درخواست ہے۔