سیکنڈ الیون ٹیموں کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےسیکنڈ الیون میں شامل دو افرادکے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ان دو افراد کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

اُدھر مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیےلاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔

اکیس ستمبر کو لیے گئے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سنٹرل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کےسیکنڈ الیون اسکواڈز آج پی سی ہوٹل لاہور پہنچ جائیں گے، جہاں وہ یکم اکتوبرسے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔اُدھر سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں۔

دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعدچھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف اب 23 ستمبر سےقذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔

سندھ سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان فواد عالم 23 ستمبر بروز بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔ دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے فواد عالم کے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے ۔ فواد عالم کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ 24 ستمبر بروز جمعرات کو لاہور میں ہوگا۔

دوسری جانب، بلوچستان فرسٹ الیون ٹیم کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر کے قرنطینہ کی مدت کل مکمل ہوجائے گی،جس کے بعد انہیں سفر کی اجازت ہوگی۔ اس دوران ان دونوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

تعارف: newseditor