کراچی : سید جاوید علی انویٹیشنل ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے اولمپئین افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائیگا اس بات کا اعلان اکیڈمی انتظامیہ کے اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس اولمپئین افتخار سید کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی کھیل ہاکی کو فروغ دیا جائیگا اور زیادہ سے زیادہ ہاکی کے ایونٹ کا انعقاد کیا جائیگا اجلاس میں کمیٹی کے سینئر ممبر سید جاوید علی نے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنی خصوصی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں
جس کے بعد کمیٹی نے ٹورنامنٹ کو انکے نام سے منصوب کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی مرحلے میں پانچ ٹیموں کو ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا جائیگا جس میں اولمپئین افتخار سید ویٹرنز ، پاکستان ویٹرنز ، الصغیر ویٹرنز ، کینٹ کمبائنڈ اور سینٹرل فٹنس وٹرنز کلب شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے میچز ہر ہفتہ اور اتوار کی شب کھیلے جائینگے ، ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر منعقد ہوگا لیگ مرحلے میں تمام ٹیمیں آپس میں مقابلہ کرینگی اور پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل میں ٹائٹل کے حصول کیلئے نبرد آزما ہونگیں۔ سابق انٹرنیشنل امپائر محسن علی خان کو ٹورنامنٹ کا ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے ، محمد طارق خان ، مزمل حسین اسسٹنٹ ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہونگے جبکہ ندیم قریشی آرگنائزنگ سیکریٹری کے فرائض انجام دینگے اور محمد علی جعفری انکی معاونت کرینگے۔ عظمت پاشا کو ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی ڈسپلن کمیٹی ، ٹیکنیکل کمیٹی اور آرگنائزنگ کمیٹی کا بھی جلد اعلان کیا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی عمر چالیس سال یا اس سے زیادہ ہونا ضروری ہے ، جنوری 1980 کی تاریخ پیدائش کے حامل کھلاڑی شرکت کے اہل ہونگے ۔