ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹيڈيم ميں جاری نيشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چوتھے ميچ ميں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 27 رنز سے شکست دی۔ ناردرن کے 203 رنز کے جواب ميں سدرن پنجاب کی ٹيم مقررہ 20 اوورز ميں 9 وکٹوں پر 176رنز ہی بنا سکی۔
سدرن پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے 37 گیندوں پر 73 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تاہم وہ میچ کا کامیاب اختتام کرنے میں ناکام رہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
ناردرن کے فاسٹ باؤلر حارث روف نے 24 رنز کے عوض 4 کھلاڑيوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے 31 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ناردرن کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جيت کر بيٹنگ کا فيصلہ کيا تو اوپنر علی عمران کی نصف سنچری کی بدولت ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔علی عمران نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 50 رنز بنائے۔
محمد نواز اور آصف علی نےبالترتیب 31 ا ور 29 رنز ناٹ آؤٹ جبکہ حیدر علی اور کپتان شاداب خان نے 28، 28 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔
زاہد محمود نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ناردرن کے کپتان شاداب خان کو میچ میں آلراؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
شاداب خان کا کہنا ہے کہ وہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل دو فتوحات سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پرامید ہیں۔
دونوں ٹیمیں گیارہ اکتوبر کو راولپنڈی میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گی۔