نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: خیبرپختونخوا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سدرن پنجاب کو 6 رنز سے ہرادیا

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ 201 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بناسکی۔

23 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر کریز سنبھالنے والے صہیب مقصود نے 40 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 77 رنز بنائے تاہم میچ کے آخری لمحات میں سیف بدر کی ناٹ آؤٹ 22 رنز کی اننگز نے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔

سدرن پنجاب کو میچ میں جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے مگر میچ میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے والے جنید خان نے 19ویں اوور میں صرف 2 رنز دے کر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مضبوط کی تاہم سدرن پنجاب کے بیٹسمین سیف بدر نے محمدحفیظ کے آخری اوور میں 15 رنز بناکر ایک بار پھر میچ کو دلچسپ بنادیا مگر وہ بھی اپنی ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر فخر زمان 26 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد محمد حفیظ اور محمد رضوان کے درمیان 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ محمد حفیظ 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان نے مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ وہ 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔

سدرن پنجاب کے راحت علی اور حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیمیں 12 اکتوبر کو ایک بار پھر لیگ میچ میں مدمقابل آئیں گی، اس مرتبہ وہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹکرائیں گی۔

میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے والے جنید خان کا کہنا ہے کہ مسلسل دوسری کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے پر خوش ہیں، صہیب مقصود کا آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ جنید خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ٹیم میں تجربہ کار اور ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ کھلاڑی موجود ہیں، ہماری ٹیم ایونٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

تعارف: newseditor