لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انڈر19 اسکواڈز میں شامل کُل 119کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ ان تمام افراد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ 3 اکتوبر بروز ہفتہ کو لیے گئے تھے۔نوجوان کرکٹرز اور ان کے و الدین کی آسانی کےلیے پی سی بی نے ان 119 افراد کے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ سنٹرل اسٹیشن پر لیے۔ سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے لیے پی سی ہوٹل لاہور جبکہ بلوچستان اور سندھ کے لیےمریدکے کنٹری کلب کو سنٹرل اسٹیشن مقرر کیا گیا ہے۔
ان تمام افراد کی دوسری کوویڈ19 ٹیسٹنگ آج ہوگی ، جس کے نتائج منفی آنے کی صورت میں انہیں بائیو سیکیور ببل کا حصہ بنالیا جائے گا۔بلوچستان انڈر19 ٹیم میں شامل ابراہیم سینئر پہلے ہی بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہیں جو فی الحال نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون میں شرکت کررہے ہیں ، لہٰذا انہیں کوویڈ19 ٹیسٹنگ کی ضرورت نہیں۔ٍانڈر19 کھلاڑیوں کی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز 13 اکتوبر سے شروع ہونے والے نیشنل انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہورہا ہے۔لاہور مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جانے والے ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر19 ٹیمیں 5 نومبر سےنیشنل انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 26 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔