راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے رواں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ کل 9 اکتوبر سے راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ 30 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کھیلی گئی ملتان لیگ میں شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اترنے والی ناردرن کی ٹیم نے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں سبقت برقرار رکھی ہوئی ۔گزشتہ ایڈیشن کے اختتامی پانچوں میچوں اور پھر ایم سی سی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم کرکٹ کے اس محدود فارمیٹ میں اب تک لگاتار 11 فتوحات سمیٹ چکی ہے۔
اُدھر ٹی ٹونٹی کرکٹ میلہ کے پہلے مرحلے میں بلے بازوں کا راج رہا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کُل 14 میچوں کی 8 اننگز میں 200 یا اس سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا گیا۔ یہاں مجموعی طور پر 481 چوکے اور 180 لگے۔ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ناقابل شکست ناردرن کی ٹیم رواں ایڈیشن کے پانچوں میچوں میں ناقابل شکست رہنے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ ایونٹ کے چار میچز جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور چھ پوائنٹس حاصل کرنے والی بلوچستان کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر آخری تین پوزیشنز پر موجود سندھ، سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کو 9اکتوبر سے شروع ہونے والی لیگ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ اس سلسلے میں سدرن پنجاب نے ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں سنٹرل پنجاب کی قیادت جبکہ پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم سنبھال لیں گے۔