خوشدل شاہ کی ریکارڈ سنچری نے سدرن پنجاب کو ایونٹ کی پہلی کامیابی دلادی

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)پچیس سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 35 گیندوں پر برق رفتار سنچری بناکر سدرن پنجاب کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلادی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے 9 چھکوں اور 8 چوکوں پر مشتمل دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ یہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کےمیدانوں میں بنائی گئی ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچری ہے۔

سدرن پنجاب نے 217 رنز کاپہاڑ جیسا ہدف 2 گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف عبور کیا۔اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت نےبھی عمدہ بیٹنگ کرتےہوئے سندھ کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ وہ 36 گیندوں پر62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انور علی نے 47 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سندھ کے اوپنر خرم منظور نے 58 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے دوسری وکٹ کے لیے اسد شفیق کے ہمراہ 123 رنز جوڑے۔ اسد شفیق 37 گیندوں پر 59 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔سندھ نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنزبنائے۔سدرن پنجاب کے محمد الیاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ ریکارڈ اننگز کھیلنے کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے خوشدل شاہ کا کہناہے کہ سدرن پنجاب کوشدت سے جیت کا انتظار تھا اور خوشی ہے کہ ان کی انفرادی کارکردگی کی بدولت ٹیم کو ایونٹ کی پہلی کامیابی کا مزہ چکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نےمزید کہا کہ حسین طلعت اور انہوں نے ہر اوور میں دو باؤنڈریز لگانے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے وہ ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ خوشدل شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کریں گے۔

error: Content is protected !!