قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ ، ناردرن کے سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کے 5 شکار

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہے۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں 255 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کی عمدہ باؤلنگ نے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط کردی ہے۔ منگل کے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن کے 411 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے فاسٹ باؤلر وقاص احمد 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ کپتان فخر زمان 66 رنز بناکر اب تک خیبرپختونخوا کے سب سے نمایاں بیٹسمین ہیں۔ ریحان آفریدی 19 اور مہران ابراہیم 2 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل ناردرن نے 5وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز سے دوسرے روز کا آغاز کیا تو سرمد بھٹی نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن نے اپنی پہلی اننگز 106.4اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنزبناکر ڈکلیئر کردی تھی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے 4وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز بھی سنٹرل پنجاب کے بلے باز چھائے رہے۔ احمد شہزاد اور عبداللہ شفیق کے بعد عثمان صلاح الدین اور محمد سعد نے شاندار سنچریاں اسکور کرکےپہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کا مجموعہ 597 تک پہنچا دیا۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے 170 اوور ز میں9وکٹو ں کے نقصان پر 597 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 23 رنزبنالیے ہیں۔ میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عثمان صلاح الدین 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد سعد نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے اننگز کا متاثر کن نہ رہا اور8 کے مجموعی اسکور پر اوپنر سمیع اسلم پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمر صدیق 10 اور ذیشان اشرف 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

ادھر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 471 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سندھ نے 1وکٹ کے نقصان پر 71 رنزبنالیے ہیں۔ 2 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز سے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ 106 رنز پر مشتمل ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ آصف ذاکر نے 53 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ سندھ کی جانب سے میرحمزہ نے 4 اور سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب عمیر بن یوسف تاج ولی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد خرم منظور اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 64 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے۔ خرم منظور40 اور سعود شکیل 30 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔

error: Content is protected !!