کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) الصغیر ویٹرنز کلب کو نمائشی ہاکی میچ میں حیدرآباد ویٹرنز کلب نے 3-1 سے شکست دیدی ، الصغیر ہاکی کلب کے فاروڈز نے گول کرنے کے کئی سنہری مواقع ضائع کئے ، فاتح ٹیم کی جانب سے طاہر حبیب نے دو گول اسکور کئے ، پبلک اسکول لطیف آباد کے پرنسپل عمران لارک نے میجر جاوید کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر الصغیر ویٹرنز کلب کی جانب سے مہمان خصوصی اور میزبان ٹیم کو سندھی ٹوپی ، اجرک اور اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پبلک اسکول لطیف آباد کی بلیو آسٹروٹرف پر کھیلے گئے نمائشی ہاکی میچ کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا، مہمان ٹیم الصغیر ویٹرنز ہاکی کلب کی فارورڈ لائن نے شاندار مووز بنائے اور حیدرآباد کے گول پوسٹ پر کئی خطرناک حملے بھی کئے لیکن یہ تمام حملے ناکام ثابت ہوئے دوسری جانب میزبان ٹیم نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں میچ کے پہلے کوارٹر میں طاہر حبیب نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی ، حیدرآباد کو دوسری کامیابی انکے کپتان میجر جاوید کے خوبصورت گول کی بدولت ملی جنہوں نے دوسرے کوارٹر میں گول اسکور کیا ۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں طاہر حبیب ایک مرتبہ پھر گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے اپنی ٹیم کیلئے تیسرا گول بھی اسکور کیا، تیسرے کوارٹر کے اختتام پر مہمان ٹیم کو 3-0 کی برتری حاصل تھی تاہم گول کرنے کے کئی سنہری موقع ضائع کرنے والی ٹیم کی جانب سے میچ کے چوتھے کوارٹر میں حسن رضا نے الصغیر ویٹرنز کیلئے گول اسکور کیا اور مقابلہ 3-1 کردیا اسی اسکور پر میچ حیدرآباد کے حق میں ختم ہوا ۔
میچ کے مہمان خصوصی عمران لارک نے میجر جاوید کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے اس موقع پر الصغیر ہاکی کلب کے روح رواں سید صغیر حسین نے حیدرآباد کی ٹیم کو کراچی آنے کی دعوت دی جسے حیدرآباد نے قبول کرلیا اور کراچی میں میچز کھیلنے کی حامی بھرلی ، تقریب تقسیم انعامات میں ویمینز کرکٹ اکیڈمی و کرکٹ ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر ریحان خانزادہ ، الصغیر کلب کے روح رواں سید صغیر حسین ، الصغیر ویٹرنز کے صدر عظمت پاشا ، ویٹرنز کے سیکریٹری مبشر مختار، ڈی ایچ اے حیدرآباد کے سیکریٹری طاہر حبیب، ڈائریکٹر کالج ہیرآباد عقیل احمد ، سید عمران علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ آخر میں مہمان ٹیم کی جانب سے حیدرآباد کے آفیشلز کو اجرک ،سندھ ٹوپی اور اعزازی شیلڈ کا تحفہ پیش کیا گیا۔