پشاور( سپورٹس رپورٹر) پشاور یوتھ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ اختتام پذیر فائنل میں رحمان آفریدی نے طاہر خان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو ایک سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، خواتین فائنل میں عروج احمد نے مہوش خان کو شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا ، انڈر16 کاٹائٹل اسد آفریدی اور انڈر12 فائنل میں حسیب خان نے کامیابی حاصل کی
مہمان خصوصی صدارتی ایوارڈ یافتہ پاکستان کراٹے ٹیم کوچ و سیکرٹری خیبرپختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن خالد نور نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن مراد علی ، ڈائریکٹرآف سپورٹس کے سینئر کوچ شفقت اﷲ، شاہ فیصل ، بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حاجی امجد خان ، آرگنائزنگ سیکرٹری شہزاد خان نواز خان ، بیڈمنٹن کوچز ندیم خان اور حیات اﷲ سمیت دیگراہم شخصیات اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھیں
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اورٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے طارق ودود بیڈمنٹن ہال میں منعقدہ پشاور یوتھ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں سینئر کیٹگری کا فائنل پولیس کے طاہر خان اوررحمان آفریدی کے مابین کھیلا گیا جو کہ کافی سنسنی خیز رہا ، پہلے سیٹ میں پولیس کے طاہر نے 21-17 سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں رحمان آفریدی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21-19 اور 21-17 سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلی
انڈر16 فائنل میں اسد آفریدی نے محمد زید کو 21-14,17-21 اور21-19سے شکست دی ، انڈر12 کیٹگری میں حسیب خان نے ریان خان کو 21-14,21-19 سے ہرایا جبکہ خواتین فائنل میںعروج احمد نے مہوش خان کو 21-19,18-21 اور21-17 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔