کل سے شروع ہونے والا نیشنل انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ میں کُل بیس لاکھ روپے کے انعامات تقسیم ہوں گے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کورونا وائرس کی وباء کے باوجود پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل مینز اور ویمنز کرکٹ کی سرگرمیوں کے بعد اب ایج گروپ کرکٹ کابھی منگل سے آغاز ہونے جارہا ہے۔ اس سلسلے میں یکم ستمبر2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کے درمیان ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے 13 اکتوبر سے لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں شروع ہوں گے۔

اکیس روزہ ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا، جہاں سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں کُل بیس لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو دس لاکھ جبکہ رنرزاپ کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین وکٹ کیپر اور بہترین باؤلر کو پچاس پچاس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں کُل تیس لیگ میچز کھیلے جائیں گے ، جہاں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو د س ہزار روپے اور مین آف دی فائنل کو بیس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

ایونٹ کے پہلے روزپنجاب کی دونوں انڈر 19 ٹیمیں (سنٹرل اور سدرن) کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں ہوگا۔ اسی طرح ناردرن اور خیبرپختونخوا کی انڈر19 ٹیمیں مریدکے کنٹری کلب جبکہ بلوچستان اور سندھ کی انڈر19 ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈزمیں شامل نوجوان کرکٹرز کے بائیو سیکیور ماحول میں کرکٹ کا یہ تجربہ نیا ضرور ہوگا ، جہاں کوورونا وائرس کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ایونٹ کے لیے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےاسکواڈز کا انتخاب اوپن ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے۔ 16سے 19 ستمبر تک منعقدہ ٹرائلز میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے تقریباََ 7ہزار نوجوان کھلاڑیوں نےشرکت کی۔

ایونٹ میں شریک تمام اسکواڈز کے کپتانوں نے شاندار کارکردگی دکھانے کے عزم کاارادہ کیا ہے، اس حوالے سےتفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

محمد ابراہیم سینئر، کپتان بلوچستان انڈر19 ٹیم:

بلوچستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد ابراہیم سینئرکا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے سبب کئی ماہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں تاہم پی سی بی کی جانب سے مینز اور ویمنز کرکٹ کے بعد اب مختلف ایج گروپ کرکٹ کےمقابلوں کے آغاز پر وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیس روزہ ایونٹ کے آغاز سے قبل لاہور میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں سخت ٹریننگ نے کھلاڑیوں کو ردھم میں واپس آنے کا اچھا موقع فراہم کیا ہے۔

محمد حریرہ، کپتان سنٹرل پنجاب انڈر19 ٹیم:

سنٹرل پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حریرہ کا کہنا ہے کہ بائیو سیکیور ببل میں پہلی مرتبہ کرکٹ کھیلنے کا تجربہ نیا ہے تاہم کھلاڑی گراؤنڈ میں ٹریننگ کے ساتھ ساتھ اب ہوٹل میں انڈور گیمز کھیل کر خود کو مصروف رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں تو ا ن حالات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایج گروپ کرکٹ کے مقابلوں کا آغاز کرنا خوش آئند ہے۔

عباس علی، خیبرپختونخوا انڈر19 ٹیم:

خیبرپختونخوا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان عباس علی کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے آغاز سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کی بہترین سہولیات میں ٹریننگ کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ عباس علی نے کہا کہ گزشتہ سال قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے متعدد کرکٹرز اس مرتبہ خیبرپختونخوا انڈر19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہےہیں، لہٰذا انہیں اپنی ٹیم سے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کی امید ہے۔

محمد رضا المصطفیٰ ، کپتان ناردرن انڈر19 ٹیم:

ناردرن انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضا المصطفیٰ کا کہناہے کہ ان کی ٹیم میں اچھے بیٹسمین اور بہترین فاسٹ باؤلرز موجود ہیں، انہیں اپنی ٹیم پر مکمل بھروسہ ہےکہ وہ ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹیمیں متوازی ہیں اور انہیں ایونٹ میں سخت مقابلوں کی امید ہے۔

صائم ایوب، کپتان سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم:

دفاعی چیمپئن سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان صائم ایوب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے پر وہ پی سی بی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایونٹ کے دوران کوویڈ19 پروٹوکولز پر مکمل عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔صائم ایوب پرامید ہیں کہ سندھ ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا بھرپور دفاع کرے گی اور دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترنے کے باعث تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں۔

محمد شہزاد، کپتان سدرن پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم:

سدرن پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ایونٹ میں جارحانہ حکمت عملی اپنائے میدان میں اتریں گے۔ محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے وقفے کے بعد دوبارہ سے کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کے باعث ہر کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کے لیے سردھڑ کی بازی لگادے گا۔

error: Content is protected !!