لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ بھی اپنے بڑے بھائی کے نقش قدم پر چلنے لگے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نیشنل انڈر 19 ون ڈے چیمپئن شپ میں سنٹرل پنجاب انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔یہ پہلی مرتبہ کہ حنین شا پی سی بی کے کسی بھی ڈومیسٹک سیزن میں شرکت کررہے ہیں۔ 13 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں انہوں نے اپنا پہلا میچ سدرن پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلا، جہاں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی۔
حنین شاہ نےبھی بڑے بھائی کی طرح بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا خواب اپنی آنکھوں میں سجا رکھا ہے۔ نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں، وہ اب بھی ان کے ساتھ گھر کے صحن میں کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے باقاعدہ کلب کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ پہلی مرتبہ اپنے بڑے بھائی کو ٹی وی اسکرین پر پاکستان کی شرٹ میں کھیلتا ہوادیکھنے کے بعد کیا۔
حنین شاہ کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اکثرانہیں فون کرکے باؤلنگ کی مفید ٹپس دیتے ہیں، وہ انہیں میچ سے پہلے خصوصی فون کال کرکے بین الاقوامی کرکٹ کا اپنا تجربہ شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ آؤٹ سوئنگ کے خاص گر بتاتے ہیں۔
تیزرفتار باؤلنگ کے شوقین حنین شاہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک سال سے لاہور کے مقامی کلب میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ سوئنگ ان کی پسندیدہ ڈیلیوری ہے اوروہ اس پر خاص محنت کرکے اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔
پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ 5 بھائی اور 2 بہنیں ہیں، دونوں چھوٹے بھائی کرکٹ کے شوقین ہیں۔ سترہ سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حنین شاہ اور وہ ،دونوں اکثر گھر میں ٹیپ بال سے سنگل وکٹ کھیلا کرتے تھے، حنین شاہ بھی انہی کے باؤلنگ ایکشن کی طرح فاسٹ باؤلنگ کرتے ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ جب سے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں تو حنین شاہ نے بھی دیکھا دیکھی لاہور کے مقامی کلب میں ٹریننگ شروع کردی، کلب کے عہدیداران نے بتایا کہ یہ بہت تیزگیند کرتےہیں۔ نسیم شاہ نے کہا کہ ایک دن حنین نے ان سے انڈر19 ٹرائلز میں شرکت کی اجازت مانگی، پھر خبر ملی کہ وہ سنٹرل پنجاب انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی کو اکثر باؤلنگ ٹپس دیتے رہتے ہیں مگر خواہش ہے کہ وہ اپنے قدرتی ٹیلنٹ کے مطابق تیزرفتار باؤلنگ کرتے رہیں۔قومی کرکٹر نے چھوٹے بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔