لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)وزیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب رائے تیمورخان بھٹی سے قومی کرکٹ ٹیم کے بائولر حسن علی نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، حسن علی نے اپنے آبائی علاقے میں کرکٹ گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کی درخواست کی جس پر صوبائی وزیر کھیل نے محکمہ سپورٹس سے سفارشات طلب کرلی ہیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ حسن علی پاکستان کا اثاثہ ہیں
انہوں نے پوری دنیا میں اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا ہے، امید ہے حسن علی جلد انجری سے صحتیاب ہوکر ایکشن میں دکھائی دیں گے، قومی ہیروز کی پذیرائی ہمارا فرض ہے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں کھیلوں کی نئی سہولیات اور اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، گکھڑ سپورٹس کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہے یہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا جلد افتتاح کردیا جائے گا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پنجاب کی پہلی سپورٹس پالیسی تیار ہوچکی ہے
پنجاب سپورٹس پالیسی کھلاڑیوں کی فلاح میں انقلابی کردار ادا کریگی۔ قومی کرکٹر حسن علی نے گفتگو میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی قیادت میں سپورٹس کو فروغ مل رہاہے، پنجاب میں بہت سے نئے گرائونڈز بھی بنائے جارہے ہیں، میرے آبائی علاقے میں گرائونڈ کی اپ گریڈیشن کی درخواست کرتاہوں، حسن علی نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پاکستان میں پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ منعقد کراکر تاریخ رقم کی، پاکستان پہلی بار کبڈی کا عالمی چیمپیئن بنا ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے بھی سپورٹس بورڈ پنجاب اچھے اقدامات کررہا ہے۔