قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز کا کھیل مکمل

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تین روزہ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 27 رنز بنالیے ہیں۔ کے پی کو میچ میں مجموعی طور پر 94 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔ محمد محسن خان 15 اور محمد عرفان خان 3 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل علی وقاص کے 102 اور شہباز خان کی 98 رنز کی اعلیٰ بیٹنگ کی بدولت بلوچستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔

دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 165 رنز کی شراکت قائم کی۔ کے پی کے خالد عثمان، عرفان اللہ شاہ اوراسد آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ کے پی نےاپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے۔ اُدھر ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں جاری میچ میں سلمان علی آغا اور علی عثمان کے چار، چار شکار کی بدولت سدرن پنجاب نے شاندار فائٹ بیک کیا ہے۔ سدرن پنجاب نے پہلی اننگز کی 35 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنالیے۔ مختاراحمد 60 رنز بناکر نمایاں رہے، سلمان علی آغا 49 اور محمد عمیر 6 کے انفراد ی اسکور سے میچ کے آخری روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کےپہلی اننگز میں 192 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سلمان علی آغا اور علی عثمان نے بالترتیب 39 اور 57 رنزکے عوض 4،4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ سندھ کو میچ جیتنے کے لیے مزید 59 رنز درکار ہیں اور ابھی اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے پہلی اننگز میں 161 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد خان 73 رنز بناکر نمایاں رہے، کامران افضل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 18 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایک بار پھر ابرار احمد کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے ابرار احمد نے دوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

error: Content is protected !!