انٹرنیشنل کوچز او ریفریز کورس کا انعقاد بہترین اقدام ہے،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ پاکستان پرا من اور کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے ، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے انٹرنیشنل کوچز اور ریفریز کورس کا انعقاد پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی خوش آئند کاوش ہے اس کورس سے ریسلنگ کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا ، سپین اور برطانیہ سے آنے والے غیر ملکی کوچز، ریفری اور ملک بھر سے آنے والے کوچز اورریفریز کو خوش آمدید کہتا ہوں ان خیالات کا اظہار جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں انٹرنیشنل کوچنگ اینڈ ریفریز کورس کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، 15سے 19دسمبر تک ہونیوالے کورس میں ملک بھر سے 50کوچز اور ریفری حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کو تربیت دینے کیلئے انگلینڈ سے انٹرنیشنل کوچ مسٹر Trevorاور سپین سے مسٹرCarlos شرکت کررہے ہیں

افتتاحی تقریب میں سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود ، سیکرٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ اور نامور پہلوان انعام بٹ و دیگر نے بھی شرکت کی ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کررہاہے، وہ کھیل جن میں زیادہ میڈلز آتے ہیں ان میں میٹ ریسلنگ بھی شامل ہے

اس کے فروغ کیلئے بھی کام ہورہا ہے پنجاب میں پہلی بار سپورٹس سکول بھی تعمیر کیا جائے گا، سیف گیمز میںہمارے اتھلیٹس نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے ، جیولن تھرو میں ارشد ندیم کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی انٹرنیشنل کوچز او ریفریز کورس کا انعقاد بہترین اقدام ہے اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کا بہترین چہرہ دنیا کے سامنے آرہا ہے، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کو مبارک باد پیش کرتاہوں اور برطانیہ سپین سے آنے والے کوچ اور ریفری کو بھی پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

غیر ملکی کوچ مسٹر Trevor اور ریفری مسٹر Carlos نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے پاکستان پرامن ملک ہے یہاں کے لوگ مہمان نواز اور اچھے ہیں پاکستان سپورٹس کے حوالے سے بہترین ملک ہے یہاں کے کوچز اور ریفری کو تربیت دے کر خوشی ہورہی ہے ۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل جنرل خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے کورس کا انعقاد خوش آئند ہے اور خوشی ہے کہ پنجاب حکومت ، سپورٹس فیڈریشن بہتر کام کررہی ہیں اس سے سپورٹس کو فروغ حاصل ہورہاہے

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستارنے،صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا شکریہ ادا کیا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کوچز اور ریفریز کورس کیلئے ہرممکن تعاون کیا ہے تقریب کے آخر میں تربیت حاصل کرنے والے کوچز اور ریفریز نے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔

error: Content is protected !!