نیشنل انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ میں کے پی، سدرن پنجاب اور سندھ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)مریدکے کنٹری کلب میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 85 رنز سے شکست دے دی۔ اسماعیل خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بلوچستان کی پوری ٹیم 154 رنز کے تعاقب میں 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسماعیل خان نے 9 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان کا صرف ایک بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکا۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.5 اوورز میں 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ حسیب خان 40 اور حارث خان 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اورنگزیب، ابراہیم سینئر اور خالد خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ فیصل اکرام کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فیصل اکرام نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف 38.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عزیر ممتاز 42 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ یہ سدرن پنجاب کی ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔

رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن سندھ نے سنٹرل پنجاب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرادیا۔سندھ نے کپتان صائم ایوب کی سنچری کی بدولت 263 رنز کا ہدف 25 گیندیں قبل 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ صائم ایوب 121 اور حسن جعفری43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔علی اسفند نے 50 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے تھے۔کپتان محمد حریرہ نے 109 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔سندھ کے ذیشان ضمیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!