کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سائلوں کو انصاف کی فراہمی میں وکلاءکا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور آج کرکٹ میچ کے انعقاد سے وکلاءنے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں عدالتوں کے ماحول سے دور وکلاءکے لئے تفریحی سرگرمی کے انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کے مابین ٹی 20 میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس (ریٹائرڈ) انور ظہیر جمالی، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ( ریٹائرڈ) امیر مسلم ہانی اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کے لئے کرکٹ ایک جنون کی حیثیت رکھتا ہے،کرکٹ تمام پاکستانیوں کی رگ و پے میں سمائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے باعث ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں اور زمبابوے کے حالیہ دورے سے دیگر غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی ترغیب ملے گی
سری لنکا کی ٹیم کا مشکور ہوں، جس نے پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ بھی متاثر ہوئی لیکن وزیراعظم کے وژن، حکمت عملی کے باعث پاکستان کورونا سے ہمسایہ ممالک کی طرح متاثر نہیں ہواآج بھی کورونا کا خطرہ موجود ہے اس ضمن میں کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز پر عمل جاری رکھنا ہوگااس سلسلہ میں سماجی فاصلہ، ماسک کے استعمال، بار بار ہاتھ دھونے سے ہم خود اور اپنے گھر والوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔گورنرسندھ نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی اور حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کی ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے
اصل بات کھیل کھیلنے کا جذبہ ہوتی ہے جسے ہمیشہ اولیت حاصل ہونا چاہئے امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے میچز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معین خان اکیڈمی کا یہ گراؤنڈ کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے میری سابق کھلاڑیوں سے گذارش ہے کہ وہ نوجوان کرکٹروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریںتاکہ ملک کو عالمی سطح پر ٹیلنٹ حاصل ہو سکے ۔ گورنرسندھ کو بتایا گیا کہ حال ہی میں نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈلائرز کرکٹ کپ میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ٹیم نے فائنل میچ میں بھارت کو شکست دے کر فتح حاصل کی ۔ تقریب میں گورنرسندھ نے فاتح ٹیم سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو ٹرافی اور کھلاڑیوں کو میڈل دیئے ۔