لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ کا فائنل کل 2 نومبر بروز پیر کو دفاعی چیمپئن سندھ اور ناردرن کی ٹیموں کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 14، 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔ کے پی نے 12 اور سنٹرل پنجاب نے 10 پوائنٹس حاصل کیں۔سدرن پنجاب کی ٹیمیں بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر رہیں۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے ایونٹ کے تین لیگ میچز میں ناردرن، سندھ اور کے پی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ناردرن نے 128 رنز کا ہدف 29.4 اوورز میں 6 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔ مبصر خان 58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سدرن پنجاب کے فیصل اکرم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اوپنر عون شہزاد نے 50 رنز بنائے۔ مبشر علی نے40 رنز بنائے۔ ناردرن کے مبصر خان نے 3جبکہ سجاد خان، مہران ممتاز اور عادل ناز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مریدکے کنٹری کلب میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے شکست د ےدی۔ سندھ نے 180 رنز کا ہدف 31ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ مبشر نواز نے 85 اوررضوان محمود نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے واحد وکٹ منیب واصف نے حاصل کی، انہوں نے صائم ایوب کو کھاتہ کھولے بغیر پویل واپس پہنچایا۔ ۔اس سے قبل عدیل میو کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 179 پر آؤٹ ہوگئی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔حسنات عباس 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 183 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔ کے پی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔ معاذ صداقت 82 اور حسیب خان 77 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے۔اورنگزیب نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 33.5 اوورز میں 104 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ذیشان احمد اور شاہد عزیز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔باسط علی نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے۔