قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز سدرن پنجاب نے بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کےنقصان پر 245 رنز بنالیے ہیں۔ سدرن پنجاب کی ٹیم کو پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کے لیے ابھی مزید 128 رنز درکار ہیں۔ سلمان علی آغا 52 اور عمران رفیق 20 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔اوپنر شان مسعود 62 اور عمر صدیق 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔یاسر شاہ 3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم میچ کے دوسرےدن اپنی پہلی اننگز میں صرف 75 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور اس کی پوری ٹیم 372 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پہلے روز ریٹائرڈ ہر ٹ ہونے والے عمران فرحت نے میچ کے دوسرے روز بیٹنگ کرتے ہوئے مزید 16 رنز بنائے، وہ 116 رنز پر دلبر حسین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ عماد بٹ نے 21 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کے زاہد محمود نے 3 جبکہ محمد الیاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کا پلڑا بھاری ہے۔ دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو ابھی مزید 131 رنز کے خسارے کاسامنا ہے جبکہ اس کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ 195 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنالیے ہیں۔اظہر علی 24 اور عثمان صلاح الدین 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 159 رنز کے جواب میں 354 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمرامین 94 اور آصف علی 65 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آلراؤنڈر حماداعظم نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنر احمد صفی عبداللہ نے 106 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز کے پی کو اپنی پہلی اننگز میں مزید 225 رنز کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ اس کی ابھی 6 وکٹیں باقی ہیں۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کے پی نے سندھ کے 361 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنزبنالیے ہیں۔ کامران غلام 14 اور خالد عثمان 1 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اوپنر اسرار اللہ 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عاشق علی 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز سے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سرفراز احمد نے پراعتماد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے اپنے انفرادی اسکور میں مزید 63 رنز کا اضافہ کرکے ناقابل شکست سنچری بنائی۔ کپتان 131رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور سندھ کی پوری ٹیم 127.5 اوورز میں 361 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خالد عثمان نے 3 اور ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor