ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سرفراز احمد اور عثمان صلاح الدین پر جرمانہ عائد

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پرسندھ کے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا35 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن کے خلاف جاری میچ کے دوسرے روزسرفراز احمد کو امپائر کےایک فیصلے کے خلاف متعدد مرتبہ نامناسب تبصرہ کرنے پرجرمانہ عائد کیا گیاہے۔

آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور ثاقب خان نے سرفراز احمد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.21 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا۔

سرفراز احمد کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری محمد انیس نے سندھ کے کپتان پر جرمانہ عائد کردیا۔

ایک اور واقعہ میں کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنےپر سنٹرل پنجاب کے بیٹسمین عثمان صلاح الدین پر میچ فیس کا20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

عثمان صلاح الدین پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری بلوچستان کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پرجرمانہ عائد کیا گیا۔

یہ واقعہ سنٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کے 26ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب عثمان صلاح الدین ایل بی ڈبلیو آؤٹ دئیے جانے پرامپائر کوگمراہ کرنے کی غرض سےمسلسل بلا دکھاتے رہے۔

آن فیلڈ امپائرز غفار کاظمی اور ناصر حسین سینئر نے عثمان صلاح الدین کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.20 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا۔

عثمان صلاح الدین کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے بیٹسمین پر جرمانہ عائد کردیا۔

تعارف: newseditor