قومی انڈر 16 ہاکی چیمپئن شپ،پنجاب کی ٹیم کے ٹرائلز 25 اور26 نومبر کوہونگے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی انڈر16ہاکی چیمپین شپ پشاور میں شرکت کے لئے پنجاب کی چارٹیموں کے ٹرائلز25اور26نومبرکو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہورمیں ہونگےتفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویژن کے تحت قومی کھیل کی ترقی اور فروغ کے لئے قومی انڈر 16 ہاکی چیمپین شپ پشاور میں 28 نومبر تا 10 دسمبر منعقد ہوگی۔ اس سلسلہ میں پی ایچ ایف نے اس میگا ایونٹ کی میزبانی خیبرپختونخواہ ہاکی ایسوسی ایشن کو دی ہے۔ 28 نومبر تا 10 دسمبر لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں منعقد ہونے والے قومی جونیئر ہاکی چیمپین شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری سابق سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف، موجودہ صدر کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن، سینئر کانگریس ممبر پی ایچ ایف سید ظاہر شاہ کو تعینات کیا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویژن کے تحت منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ میں پنجاب کی چار ٹیمیں جبکہ کے پی کے، بلوچستان اور سندھ کی دو، دو ٹیمیں شرکت کرینگی۔ اسلام آباد، ، گلگت، بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی ایک ایک ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ آرگنائزنگ سیکرٹری سید ظاہر شاہ نے پلیئرزڈاٹ پی کے سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے جاری کردہ فیملی رسٹریشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر کسی بھی کھلاڑی کو ایونٹ میں شامل نہیں کیا جائیگا۔ قومی انڈر 16 ہاکی چیمپین شپ کے سلسلہ میں ایونٹ آفیشلز میٹنگ 27 نومبر کو لالہ ایوب سٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوگی۔قومی انڈر 16 ہاکی چیمپین شپ پشاور میں شرکت کے لئے پنجاب کی چار ٹیموں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز 25 اور 26 نومبر کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم گراؤنڈ نمبر ایک پر منعقد ہونگے۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ ان ٹرائلز میں پنجاب بھر کے انڈر 16 ہاکی کھلاڑی شرکت کرینگے۔ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل رآصف ناز کھوکھر کی جانب سے ٹرائلز میں شرکت کے خواہاں کھلاڑیوں کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ 25 نومبر کو رجسٹریشن کے لئے ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن رائے عثمان اکبر کھرل کو اپنے فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کے ہمراہ رپورٹ کریں۔ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے علاوہ عمر کی شناخت کا کوئی سرٹیفیکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔

تعارف: newseditor