انٹر بورڈ گیمز میں بیس بال کو شامل کرنے پر تعلیمی بورڈ کے شکر گزار ہیں. سید فخر شاہ

بہاولپور(سپورٹس لنک رپورٹ)سید فخر شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈز کی سالانہ گیمز میں بیس بال کی شمولیت ایک احسن اقدام ہے جس پر فیڈریشن تعلیمی بورڈز کی شکر گزار ہے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمد مظہر سعید چیرمین, راؤ شمشاد علی سیکرٹری تعلیمی بورڈ بہاولپور اور راؤ عمر حیات آرگنائزنگ سیکرٹری انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی, ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن تعلیمی بورڈ بہاولپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد جمیل کامران چیرمین پاکستان بیس بال ایمپائرز ایسوسی ایشن. امین عباسی صدر. بلال مصطفی سیکرٹری بہاولپور ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن. راؤ آصف جبار. عثمان شوکت اور حمود لکھوی بھی تھے. سید فخر شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بیس بال عرصہ دراز سے اپنی پہچان بنائے ہوئے ہے اور اس کھیل کی بدولت پاکستان بھر سے لاتعداد کھلاڑیوں نے بین الاقوامی اور قومی سطح پر اپنا نام بنایا ہے. اور مختلف محکموں میں ملازمتیں حاصل کیں ہیں.کسی بھی کھیل کے بہتر نتائج کے لئے اس کا گراس روٹ لیول پر کام کرنا بہت ضروری ہوتا ہے اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول اور کالجز لیول پر بیس بال کا آغاز ہونا انتہائ احسن اقدام ہے جس پر فیڈریشن تعلیمی بورڈز کی انتہائی مشکور ہے. ڈاکٹر محمد مظہر سعید چیرمین تعلیمی بورڈ بہاولپور نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ان کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے پاکستان میں بیس بال کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں اس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور انشاءاللہ مستقبل میں بھی بہترین کھلاڑی تیار ہوکر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے. انہوں نے سید فخر شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال اور وفد کو اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی.

تعارف: newseditor