کوئنز ٹائون (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان کی تصدیق کیے جانے پرانہیں خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریزمیں شامل 2 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کے منتظر ہیں کیونکہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب وہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستان کو دنیا کی چند مضبوط ٹیموں کے خلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے، جو ہماری ٹیم کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اچھی اور مضبوط ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں بھی نکھار آئے گا۔
شیڈول:
چھبیس تا تیس جنوری، پہلا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی
چار تا آٹھ فروری، دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
گیارہ فروری، پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور
تیرہ فروری، دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور
چودہ فروری، تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور