قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون، سنٹرل پنجاب کی مسلسل دوسری کامیابی ، ناردرن کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سنٹرل پنجاب نے میچ کے تیسرے ہی روز ناردرن کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔ یہ سنٹرل پنجاب کی رواں سیزن میں دوسری کامیابی ہے ۔ ‏تیسرے روز سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 166 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ محمد سعد نے 50 اور قاسم اکرم نے 23 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے ۔ سعد نسیم نے 39 ، اور علی زریاب نے 31 رنز بنائے ۔ نعمان علی نے سنٹرل پنجاب کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس کے لیے انہوں نے 69 رنز دیے۔ اس سے قبل ناردرن نے 2 وکٹوں پر 77 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ عمرا مین نے 18، جبکہ حماد اعظم اور نعمان علی نے 22 ، 22 رنز بنائے۔ احمد صفی نے 46 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔ حسن علی نے تین اور بلاول اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ناردرن نے پہلی اننگز میں 243 اور سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے۔

نیشنل اسٹیدیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بلوچستان نے 405 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب کے خلاف 2 وکٹوں پر 112 رنز بنا لیے ہیں ۔ عمران فرحت 63 اور اکبر الرحمان 29 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ علی وقاص 14 اور عظیم گھمن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،دونوں وکٹیں عامر یامین نے حاصل کیں ۔وہ میچ میں اب تک 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔ ‏ اس سے قبل سدرن پنجاب نے بلوچستان کے خلاف تیسرے روز 149 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ اس طرح سدرن پنجاب کو 404 رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔ دوسرے روز کے 60 رنز پر ناٹ آؤٹ بیٹسمین عمران رفیق تین رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ انہوں نے نے 217 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 97 رنز بنائے ۔ سیف بدر دوسری اننگز میں بھی رن آؤٹ ہو ئےانہوں نے 53 رنز بنائے۔ محمد عمیر 59 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ جلات خان نے 76 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ عمید آصف نے تین کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں سندھ کی ٹیم خیبر پختونخواہ کے خلاف دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے ۔ 185 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد سندھ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 120 رنز بنائے ہیں اور اس کی 5 وکٹیں گر چکی ہیں ۔ سعود شکیل 50 اور حسن محسن دو رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ شرجیل خان نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی وہ 51 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ عمیر بن یوسف 6 ، اسد شفیق 3 اور سعد خان نے دو رنز بنائے ساجد خان نے تین محمد وسیم اور خالد عثمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اس سے قبل خیبر پختونخواہ کی ٹیم سندھ کے خلاف 185 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 414 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ خیبر پختونخواہ نے تیسرے روز 260 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا ۔ 124 رنز پر گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کامران غلام 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ انہوں نے 295 گیندیں کھیلیں اور 19 چوکے لگائے ۔ ریحان آفریدی 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان اور میر حمزہ نے تین تین جبکہ شاہنواز دھانی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

تعارف: newseditor