قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے آخری راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

‏کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے آخری راؤنڈ کا آغاز ہو چکا ہے اور اس راؤنڈ میں بھی تین میچز تین وینیوز پر کھیلے جا رہے ہیں ۔ 9 ویں راؤنڈ کے اختتام پر سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔ سندھ کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے ، سندھ نے 5 میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے ۔ تین میچز اس نے برابر کھیلے ہیں جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑ ا۔ امکان یہی ہے کہ سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جائے گی ۔ اس کی قریب ترین حریف خیبر پختوانخواہ کی ٹیم ہے جس نے نو میچز میں سے 4 جیتے ہیں ، دو میں اسے شکست ہوئی جبکہ تین برابر کیے ۔ خیبر پختونخواہ کے 36 پوائنٹس ہیں ۔ سنٹرل پنجاب 31 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، سدرن پنجاب 24 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ، ناردرن 21 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بلوچستان 16 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر بلوچستان نےسندھ کے خلاف پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنالیے ہیں ۔۔ علی رفیق 6 اور عبدالواحد بنگلزئی 9 رنز کے ساتھ دوسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے ۔ ‏ اس سےقبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ سندھ کی ٹیم 80.3 اوورز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ فہد اقبال نے 65 اور محمد طہ نے 66 رنز بنائے ۔ سیف اللہ بنگش 38 اور رمیز عزیز 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ بلوچستان کی جانب سے گوہر فیض اور رضا الحسن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کی ۔ جبکہ نجیب اللہ اچکزئی اور زین اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

‏نیشنل بنک آف پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلے روز کھیل کے ختم ہونے پر پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 98 رنز بنا لیے ہیں ۔ انس مصطفیٰ 35ا ور رمیز عالم 4 رنز پر بیٹگ کر رہے ہیں ۔ مختار احمد 34 اور احمر اشفاق 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ فہد منیر ، شاہد نواز اور احسان عادل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ‏ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو علی عثمان کی تباہ کن بولنگ کے باعث 202 رنز تک محدود رکھا ۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم 54.1 اوورز میں آل آؤٹ ہوئی، علی عثمان نے 57 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں ۔ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے انس محمود نے 66 ، عمران دوگر نے 43 ، فرحان خان نے 31 اور رضوان حسین 29 رنز بنائے۔

‏ٹی ایم سی گراونڈ میں خیبر پختونخواہ نے ناردرن کے خلاف 17 رنز کی برتری حاصل کر لی ۔ پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو خیبر پختونخواہ نے نے 4 وکٹوں پر 190 رنز بنا لیے ہیں ۔ اشفاق احمد 68 اور محمد حارث 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ ثاقب جمیل نے 97 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز بنائے ۔ صاحبزادہ فرحان نے 33 رنز بنائے ۔ ناردرن کے عامر جمال ، مبصرخان ، مہران ممتاز اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے ٹاس جیت کر ناردرن کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور پوری ٹیم کو 39.3 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ کر دیا ۔ آصف آفریدی نے 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں ۔ محمد عمران نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ناردرن کی جانب سے مبصر خان نے مزاحمت کی انہوں نے 67 گیندں پر 64 رنز سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے ۔ عامر جمال 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے شعیب احمد نے 25 رنز بنائے۔

error: Content is protected !!