کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں خیبر پختونخواہ نے بلوچستان کو 126 رنز سے شکست دے دی ۔ بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ خیبر پختونخواہ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے ۔ معاذ احمد صداقت 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ صاحبزادہ فرحان نے 53 ، میران ابراہیم نے 50 اور اشفاق احمد نے 49 رنز بنائے ۔ بلوچستان کی جانب سے زین اللہ نے تین وکٹیں لی ۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم خیبر پختونخواہ کی تباہ کن بولنگ کے باعث 35 ویں اوور میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ عبدالرحمان مزمل 53 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ معاذاحمد صداقت نے 3 اور اسد آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔
ٹی ایم سی گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سدرن پنجاب کو ایک وکٹ سے شکست دی ۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو 45 اوورز میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، مختار احمد ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے انہوں نے 121 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99 رنز بنائے ۔ وقار حسین نے 55 رنز بنائے ۔ ناردرن کی جانب سے عامر جمال نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ناردرن نے 4 گیند پہلے 9 وکٹوں پر 206 رنز بنا کر میچ ایک وکٹ سے جیت لیا ۔ عمر وحید نے 77 گیندوں پر 72 رنز بنائے ۔ شعیب احمد منہاس نے30اور عبدالفصیح نے 28 رنز بنائے ۔ مہران ممتاز 7 اور سلمان ارشاد 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے محمد جنید نے 3 اور احسن بیگ نے دو وکٹیں لیں ۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں سندھ نے دلچسپ مقابلے میں سنٹرل پنجاب کو 2 رنز سے شکست دی ۔ سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ سندھ نے مقرر 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے ۔ رمیز عزیز 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے 91 گیندوں کا سامنا کیا ، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے ۔ جہازیب سلطان نے 35 اور عماد عالم نے 27 رنز بنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے حسیب الرحمان نے تین اور رضا علی ڈار نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم 49.4اوورز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ رضا علی ڈار نے 101 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے ۔ صہیب اللہ 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ سندھ کی جانب سے سعد خان اور عماد عالم نے دو دو وکٹیں لیں۔