کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر خیبر پختونخواہ نے ناردرن کے خلاف 272 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے خیبر پختونخواہ نے دوسری اننگز میں 87 رنز بنائے ہیں اور اسکے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو ئے ہیں ۔ اسرار اللہ 35 ، صاحبزادہ فرحان 38 اور ریحان آفریدی 5 رنز پر آؤٹ ہو ئے ۔ کامران غلام 5 اور نائٹ واچ مین محمد وسیم صفر پر ناٹ آوٹ ہیں –
اس سے پہلے ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں خیبر پختونخواہ کے 521 رنز کے جواب میں 336 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ ناردرن نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 180 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا ۔ مبصر خان 59 ، محمد نواز 38 ، فیضان ریاض 42 ، حماد اعظم 37 اور علی سرفراز 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔ خیبر پختونخواہ کی طرف سے ساجد خان نے 4 اور خالد عثمان نے تین وکٹیں لیں ۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جا رہے میچ میں سندھ نے فالو آن کے بعد دسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے ہیں سندھ کو بلوچستان کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی 11 رنز مزید درکار ہیں ۔ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 414 رنز بنائے تھے ۔ تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سندھ کی ٹیم کے خرم منظور 82 اور محمد اصغر صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے ۔ شرجیل خان 13 سعود شکیل 90 اور اعظم خان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔ بلوچستان کی جانب سے رضا الحسن نے دو اور کاشف بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل سندھ کی ٹیم بلوچستان کے 414 رنز کے جواب میں 195 رنز بنا کرآؤٹ ہو ئی تو اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔۔ سندھ نے تیسرے روز پہلی اننگز 160 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اسد شفیق نے 65 رنز سے دوبارہ کھیل کا آغاز کیا وہ 87 رنز بنا کر پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے ۔ تابش خان 9 ، محمد اصغر 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ابرار احمد اور شاہنواز دھانی کوئی رن نہ بنا سکے ۔ کاشف بھٹی نے 56 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں ۔ عمید آصف نے تین اور تاج ولی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز سدرن پنجاب نے فالو آن کے بعد سنٹرل پنجاب کے خلاف 8 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے اور ابھی اس کی تین وکٹیں باقی ہیں ۔ جب کھیل ختم ہوا تو سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے ۔ سیف بدر 17 اور محمد الیاس 4 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔ زین عباس نے 118 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کسی حد تک مشکلات سے نکالا انہوں نے 172 گیندوں کی اننگز میں 18 چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ سلمان علی آغا79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ احمد صفی نے سنٹرل پنجاب کی جانب سے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم نے 153 رنز 9کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ اور اس طرح اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا ۔ گزشتہ روز کے ناٹ آوٹ بیٹسمین حمزہ اکبر ناٹ آوٹ ہی واپس گئے جبکہ ضیا ء الحق 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے حسن علی اور بلاول اقبال نے تین تین ، احمد بشیر ، قاسم اکرم اور احمد صفی نے ایک ایک وکٹ لی ۔ سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز 493 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی ۔