پاک بحریہ کے سربراہ نے کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی فخر زمان کو پاک بحریہ میں لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کردیا

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے وابستگی کی بنیاد پر معروف کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض کردیا۔ اس ضمن میں نیول ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
فخر زمان پاک بحریہ کے سابق سروس مین ہیں۔انھوں نے پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں2007 میں بطور سیلر شمولیت اختیار کی۔ سروس کے اوائل ہی میں اُن کی کرکٹ سے لگن اور بیش بہا ٹیلنٹ کو سراہا گیا۔ فخر زمان نے کئی مقابلوں میں پاک بحریہ کی بہترین نمائندگی کی اور پاک بحریہ کے لیے کئی اعزازات حاصل کیے۔ فخر زمان نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ بھی 2012 میں پاکستان نیوی کے پلیٹ فارم سے کھیلا اور آسٹریلیا میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ 2012 میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ اُن کی اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر انھیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِتحسین بھی دی گئی۔


پاک بحریہ نے فخر زمان میں غیر معمولی ٹیلنٹ اور کرکٹ سے لگاؤ کو دیکھتے ہوئے انھیں اپنا کیرئیر کرکٹ میں آگے بڑھانے اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصّہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اپنے کرکٹ کے کیرئیر میں اُن کی بڑی کامیابیوں میں 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ جتوانے والی سنچری بنانا شامل ہے جس میں انھیں ’مین آف دی میچ‘ کا اعزاز بھی ملا۔ اس کے علاوہ سال 2018 میں انھوں نے صرف 18میچز میں تیز ترین 1000رنز بھی بنائے۔ 2018 میں وہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بنے اور انھوں نے 304 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ اسکور کرنے کا ریکارڈ بنایا۔ فخر زمان نے لگاتار پانچ ون ڈے سیریز میں 512 رنز بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ قومی T-20 ٹورنامنٹ میں انھیں بہترین کھلاڑی اور بلے باز کا اعزاز بھی دیا گیا۔


قبل ازیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اعزازی لیفٹیننٹ فخر زمان کو پاکستان کرکٹ کے لیے اعزازات حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ اسکواش، سیلنگ، ہاکی، فٹ بال سمیت متعدد کھیلوں کے فروغ میں معاونت فراہم کررہی ہے اور کئی کھلاڑی پیدا کرچکی ہے۔ جنھوں نے پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کیے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اعزازی رینک تفویض کرنے کی تقریب میں عسکری و سول حکام، پی سی بی کے عہدیداران، سابق کرکٹرز اور فخرزمان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

error: Content is protected !!