پشاور(سپورٹس رپورٹر)صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور ہاکی لیگ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگئی،باضابطہ افتتاح صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ نے کیا ، ان کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری ہدایت اﷲ ، پشاور ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ضیاء الرحمان بنوری ، انٹر نیشنل کھلاڑی وکوچ یاسر اسلام سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ افتتاحی میچ میں پشاور پینتھرنے پشاور ڈولفن کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دیدی ، لیگ میں پشاور کی چار ٹیمیں شامل ہیں جس میںپشاور ٹائیگرز ، پشاور لائنز ، پشاور ڈولفن اور پشاور پینتھرشامل ہیں ۔ لیگ میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخا ب کیاجائیگا جو کہ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ میں پشاور کی نمائندگی کرینگے۔ اس سلسلے میں صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہدایت اللہ خان اور ڈسٹرکٹ پشاور ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ضیاء الرحمان بنوری کے مطابق پشاور ہاکی لیگ میں چار ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اس سے قبل انڈر14 سے انڈر25 تک کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ پشاور میں جاری تھے اور ان میں سے ہی بہترین چار ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے جو ان مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بہترین اور زیادہ مواقع فراہم کریں اورپشاور ہاکی لیگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری پشاور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن سید ضیاء الرحمان بنوری کا کہنا تھا کہ پشاور کی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں پچاس سے زائد کھلاڑیوں کو مواقع مل رہے ہیں جس سے ان کھلاڑیوں کو اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے مواقع ملیں گے انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں بہترین کوچنگ کیساتھ آگے آنے کے مواقع ملیں تا کہ وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کرسکیں انہوں نے واضح کیا کہ پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے جس سے اچھے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔