کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر ثنا میر بھی دیگر شخصیات کی طرح کورونا کا شکار ہوگئیں، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ثنا میر نے اپریل 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ کرکٹ کمنٹری سے منسلک ہوگئیں اور ان دنوں وہ ایک کرکٹ ایونٹ میں کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔
ثنا میر نے اپنی فیس بک و ٹوئٹر پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان میں 5 جنوری کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کق قرنطینہ کرلیا۔سابق کرکٹر و کمنٹیٹر نے بتایا کہ ان کے قریب رہنے والے دیگر افراد نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا مگر خوشقسمتی سے ان میں سے کسی میں بھی کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔
انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں کورونا کی بہت سخت علامات نہیں ہیں، تاہم ان میں کورونا کی بعض علامات موجود ہیں۔انہوں نے پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور عام افراد کو اپیل کی کہ ہر وقت فیس ماسک پہن کر رکھیں۔