پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ میں صوبہ بھر کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی اور بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا، وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی


لاہور (سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ میں صوبہ بھر کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی اور بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا، چیمپئن شپ کے فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، کھلاڑیوں کو خوشخبری دیتاہوں کہ مارچ کے آخراور اپریل کے شروع میں 73ویں پنجاب گیمز منعقد کرائیں گے جس میں پہلے نمبر پر آنے والی ڈویژن کو دیگر انعامات کے علاوہ 10لاکھ روپے کا خصوصی انعام دیا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ ہمارے ہیروز چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑی ہیں جنہوں نے کورونا وباء کو شکست دے کر یادگار پرفارمنس دی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعۃ المبارک کے روز پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک ودیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ سپورٹس کلچرپروان چڑھانے کے لئے کام کررہے ہیں، محکمہ سپورٹس کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لئے بھی اقدامات کررہا ہے، نوجوانوں کو کھیلنے کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء میں کھلاڑیوں نے اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور اظہار کیا، انہوں نے کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مزید محنت کریں اور آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ میں رنر اپ رہنے والوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اچھے مقابلے کئے، نوجوانوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے رواں سال مارچ کے آخر اوراپریل کے شروع میں 73ویں پنجاب گیمز منعقد کرارہے ہیں، ان پنجاب گیمز کو یادگار بنانے کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ پہلی قائداعظم اوپن انٹرڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ کورونا وباء کے خوف کو شکست دے کر یادگار گیمز منعقد کئے گئے، ہمارے ہیروز وہ تمام 576 کھلاڑی اور آفیشلز ہیں جنہوں نے چیمپئن شپ میں شرکت کی اور خاص طور پر میں ان بچوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دوردراز کا سفر کرکے ان گیمز میں پہنچے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، میں جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں لیکن یاد رکھیں یہ جیت کی جانب آپ کا پہلا قدم ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب آپ کو ٹریننگ اور پلیٹ فارم بھی مہیا کرے گا، ہارنے والے کھلاڑیوں کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں کیونکہ ناکامی ہی کامیابی کا پہلا قدم ہوتا ہے اورآپ ناکام نہیں ہوئے بلکہ مزید حوصلہ مند ہوکر جوش و جذبہ سے مقابلوں میں حصہ لیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پہلی قائداعظم اوپن انٹرڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء کے کامیاب انعقاد کے بعد اب ہر سال یہ چیمپئن شپ منعقد کرائیں گے اور ہر سال اس کی گیمز میںاضافہ کیا جائے گا، اس ماہ کے آخر میں انٹرڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کروائیں گے، تقریب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک،پی آر او ٹو منسٹر سپورٹس سید عمیر حسن اور پی آر او سپورٹس بورڈ پنجاب عبدالرئوف روفی کو سوینئر بھی دیئے گئے۔

error: Content is protected !!