سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن شائقین کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ نسلی تعصب کا واقعہ پیش آنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے بھارتی کرکٹ ٹیم سے معذرت کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن چند آسٹریلوی تماشائیوں نے باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کے دوران بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج پرمبینہ طور پر نسلی تعصب پر مبنی جملے کسے تھے۔بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اس واقعے کی آفیشلز سے باضابطہ شکایت کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ بولر جسپریت بھمرا اور محمد سراج فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب نسلی امتیاز کا شکار ہوئے۔
بھارتی بولر محمد سراج کی جانب سے واقعے پر امپائرز کو مطلع کیے جانے کے بعد پولیس نے فوراًپہنچ کرشائقین کے مختصر گروپ کو باہر نکال دیا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ساؤتھ ویلز پولیس کے ساتھ مل کر تفتیش کا آغاز کیا گیا اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔کرکٹ آسٹریلیا کے سکیورٹی سربراہ سین کیرول نے بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران شائقین کے ایک مختصر سے گروہ نے دوستانہ حریفوں کے درمیان ہونے والے عمدہ ٹیسٹ میچ کو داغدار کردیا۔
سین کیرول کا کہنا تھا کہ بحیثیت کرکٹ سیریز میزبان بھارتی کھلاڑیوں سے معذرت خواہ ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور ملزم کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے۔