کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)ناردرن کےحماد اعظم پر پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ اور پلئیرز اسپورٹ اسٹاف کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا پچیس فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔یہ واقعہ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں سندھ اور ناردرن کے مابین کھیلے گئے پاکستان کپ کے پانچویں راؤنڈ کے میچ میں پیش آیا۔
حماد اعظم پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔یہ آرٹیکل میچ کے دوران غصہ کی وجہ سے کرکٹ کے سامان، کپڑوں، گراؤنڈ کے ساتھ نامناسب رویہ ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ ناردرن کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے 35ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب حماد اعظم نے حریف کھلاڑی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے پر پویلین واپس لوٹتے ہوئے جارحانہ اندازسے اپنا بیٹ اپنے پیڈ پر دے مارا۔
اس نامناسب رویے پر حماد اعظم کو قصوار قرار دیا گیا جس پر انھوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری محمد جاوید ملک کی طرف سے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔حماد اعظم پر چارجز آن فیلڈامپائرز علیم ڈار اور ثاقب خان نے عائد کیے۔