جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، قومی سکواڈ کل لاہور سے کراچی روانہ ہوگا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ 19 جنوری بروز منگل کو لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ کراچی روانہ ہوگا۔ قومی اسکواڈ کی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے لاہور سے کراچی روانگی کی وجہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور دیگر عملے سمیت اسکواڈ کے ارکان کے اہلخانہ کو بحفاظت بائیو سیکیور ببل میں داخل کرنا ہے۔

ان تمام ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 اورپھر 16 جنوری کو ان کے اپنے شہروں میں ہوئی۔ تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔قومی اسکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ منگل کو ہوگی۔

پچاس افراد پر مشتمل چارٹرڈ فلائیٹ میں کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے علاوہ اسکواڈ میں شامل ارکان کے اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ کراچی پہنچے گا۔

دیگر شہروں میں موجود قومی کرکٹرز آج شام لاہور پہنچ جائیں گے، جہاں سے وہ اسکواڈ کے ہمراہ کراچی روانہ ہوں گے۔ کراچی میں موجود کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف اور ان کے اہلخانہ اپنے گھروں سےہی منگل کو ٹیم ہوٹل پہنچیں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم پہلے ہی کراچی کے ٹیم ہوٹل میں موجود ہے۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کےدو کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اسی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے کراچی روانہ ہوں گے۔ گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، یہ تینوں کوچز کراچی میں پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ کا جائزہ بھی لیں گے۔

ان تینوں کوچز کو تین فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کرنی ہےکیونکہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا اسپورٹ اسٹاف4 فروری سےراولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں مصروف ہوگا۔لاہور پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم کا اسپورٹ اسٹاف ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 11 فروری سےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

error: Content is protected !!