حیدرآباد(سپورٹس لنک رپورٹ )گریڈ 17 میں 25 سال کی سروس اور مسلسل جدوجہد کے بعد گریڈ 18 میں ترقی پانے والے محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن کے اعزاز میں لال قلعہ حیدرآباد میں استقبالیہ تقریب اور پرتکلف ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ڈی پی ایز ورکنگ کمیٹی و حیدرآباد ڈویژنل اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے ایگزیکٹیو عہدیداران و معروف اسپورٹس آرگنائزرز پرویز احمد شیخ،حمید شاہ اور عائشہ ارم کی جانب سے اپنے ساتھی ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب کے اسپیشل گیسٹ بٹگرام سے خصوصی طور پر حیدرآباد تشریف لائے ہوئے "نواب آف ہل” نوابزادہ فیاض خان المعروف گل خان تھے جبکہ مانسہرہ کے سابق ای ڈی او ایجوکیشن عبدالستار شاہ، سینیئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کے عہدے پر گریڈ 18 میں ترقی پانے والے خرم رفیع صدیقی، سلیم اقبال، محمد اقبال قریشی اور محمد علی میرجت بطور اعزازی مہمان شریک تھے۔ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن گورنمینٹ کالج مٹیاری سید حسن عباس جعفری نے تلاوت کلام پاک کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا اور مہمانوں کو روایتی شاہی انداز میں خوش آمدید کہا اور کیک کاٹ کر سب شرکاء نے خوشی کا اظہار کیا۔ڈی پی ایز ورکنگ کمیٹی کے کنوینئر و سندھ کے سب سے سینیئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن گورنمینٹ غزالی کالج لطیف آباد سید سخاوت علی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ترقی پانے کے اس لمبے سفر اور راہ میں حائل رکاوٹوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے محکمہ کالج ایجوکیشن حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترقی پانے والے مرد و خواتین آفیسرز کو سب کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد کثیر تعداد میں اوربھی ترقیاں ہونگیں۔ بعد ازاں حیدرآباد اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین حمید شاہ، سینیئر ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن سید سخاوت علی، عبدالجبار انصاری، احمد نواز، خلیل الرحمن، حسن عباس، پرویز احمد شیخ، اسپورٹس آرگنائزرز محی الدین شیخ، رمیزراجہ، مسرت شاہ، بابو شاہ اور دیگر نے اسپیشل گیسٹ نوابزادہ فیاض خان،اعزازی مہمانان عبدالستار شاہ، خرم رفیع صدیقی، سلیم اقبال، محمد اقبال قریشی اور محمد علی میرجت کو اجرک اور گلدستے پیش کیئے۔اپنے خطاب میں نوابزادہ فیاض خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس تقریب میں آکر اور منتظمین کی مہمان نوازی دیکھ بے حد خوشی ہوئی ہے اور بے شک دوسروں کی خوشی میں شریک ہونا دوطرفہ خوشی و مسرت کا باعث ہوتا ہے۔انہوں نے ترقی پانے والے آفیسرز کو دلی مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خرم رفیع صدیقی، سلیم اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر حیدرآباد ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سابق صدر نورنبی شاہ،والی بال کے راشد خان، فینسنگ کے احمد شاہ، بیس بال کے اکبر شاہ، اسپورٹس لوورز و کھلاڑی انور شاہ ،مہتاب شاہ ،گوہر شاہ ،ودود شاہ اور دیگر موجود تھے۔پرتکلف ڈنر کے بعد میزبان پرویز احمد شیخ نے تمام مہمانوں کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔انکا کہنا ہے کہ وہ ترقی پانے والے دور دراز کے آفیسرز و حیدرآباد نہ پہنچ پانے والے دوستوں کو انکے اپنے شہروں یا کالجز میں جاکر مبارکباد دی جائے گی اور بعد ازاں ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن ورکنگ کمیٹی سے مشاورت کے بعد سب کو ایک جگہ جمع کرکے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔انہوں نے اس موقع پر لمبی جدوجہد کرنے اور ترقی کے اس سفر میں تعاون کرنے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی بدولت ہمارے ساتھی کامیاب ہوئے۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں اور تقریب کے انتظامات میں معاونت کرنے پر حمید شاہ اور میڈم عائشہ ارم کا بھی شکریہ ادا کیا۔