نیشنل ویمنز ہائی پرفارمنس کیمپ کراچی منتقل کردیا گیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان میں جاری نیشنل ویمنز ہائی پرفارمنس کیمپ ملتان سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی منتقل کردیا ہے۔29 مئی سے ملتان میں جاری کیمپ کا اب دوبارہ آغاز 9 جون بروز بدھ سے کراچی میں شروع ہوگا۔

کیمپ میں شریک 26 خواتین کرکٹرز 18 روز تک کراچی میں ٹریننگ کریں گی۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کے دونوں گراؤنڈز اور پچز پر جاری کام مکمل ہونے سے قومی خواتین کھلاڑیوں کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر سمیت دیگر انٹرنیشنل اسائنمنٹ کی تیاریوں میں سہولت ملے گی۔

کراچی میں منعقدہ کیمپ بھی بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا۔کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف سمیت کیمپ کے تمام شرکاء منگل کی صبح لاہور پہنچیں گے،جہاں سے وہ شام کو کراچی روانہ ہوجائیں گے۔

ڈیوڈ ہیمپ، ہیڈ کوچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم:

ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ ملتان میں ہمارا اچھا وقت گزرا جہاں ہمیں بہترین سہولیات اور رہائش میسر تھی۔

انہوں نے کہا کہ ابتداء سے ہی حنیف محمد سینٹر کی پچز اور گراؤنڈ کی تیاری کے بعد کیمپ کو کراچی منتقل کرنے کا پلان تھا، وہاں کرکٹ کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں، جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

کیمپ میں طلب کردہ خواتین کرکٹرز:

عالیہ ریاض ، ایمن انور ، انعم امین ، عائشہ نسیم ، عائشہ ظفر ، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید ، جویریہ خان ، جویریہ رؤف ، کائنات امتیاز ، کائنات حفیظ ، ماہم طارق ، منیبہ علی ، ناہیدہ خان ، نجیہ علوی ، نشرہ سندھو ، نتالیہ پرویز ، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل ، رامین شمیم ، صبا ءنذیر ، سعدیہ اقبال ، سدرہ امین ، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ

error: Content is protected !!