لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے26 کھلاڑیوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں 7 جون بروز پیر سے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔
کیمپ کی نگرانی ثقلین مشتاق کررہے ہیں جبکہ این ایچ پی سی کے کوچز محمد یوسف اور عمر رشید کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ بھی اس کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہے۔
ان کوچز میں مصباح الحق( ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)، اعجاز احمد (ہیڈ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) اور مہتشم رشید (فیلڈنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) شامل ہیں۔
اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی پختگی کے ساتھ ساتھ ان کے تکنیکی پہلوؤں پر بھی کام کیا جاسکے۔
کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں نے دو گروپس ریڈ اور وائیٹ بال کی صورت میں ٹریننگ کی۔ریڈ بال کرکٹرز نے صبح نیٹ سیشن جبکہ شام میں فٹنس اور فیلڈنگ پریکٹس کی۔اسی طرح وائیٹ بال کرکٹرز نے دن میں فیلڈنگ اور جم سیشن کیا جبکہ شام میں نیٹ سیشن کیا۔
ثقلین مشتاق، سربراہ انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ:
ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کیمپ میں شریک تمام کھلاڑی باصلاحیت اوران کا مستقبل روشن ہیں، ہم ان تمام کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہےہیں تاکہ وہ اپنے کھیل میں بہتری لاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کوچز کیمپ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو علم منتقل کرنا چاہتے ہیں،ان کھلاڑیوں کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں یہاں مصباح الحق، اعجاز احمد، محمد یوسف اور دیگر معروف کوچز کی رہنمائی حاصل ہے۔
محمد یوسف، بیٹنگ کوچ این ایچ پی سی :
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی کو فائن ٹیونگ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی ہمارا کام ہے، یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کھلاڑیوں میں تکنیکی خامیاں ہیں مگرہر کھلاڑی کو تھوڑی بہت ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، یہ کیمپ ان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
نعمان علی، ٹیسٹ اسپنر:
نعمان علی کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کی بہت اہمیت ہے، یہاں ہمیں ٹریننگ کے لیے بہترین سہولیات میسر ہیں، کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث متعدد مقامات پر گراؤنڈز اب بھی بند ہیں،کوشش ہے کہ ہم یہاں معروف کوچز کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں۔
محمد عباس، ٹیسٹ فاسٹ باؤلر:
محمد عباس کا کہنا ہے کہ ان سمیت وہ تمام کرکٹرز جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے ہیں یہ کیمپ ان تمام کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا ایک بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر جیسی سہولیات ملک بھر میں موجود نہیں ہیں، لہٰذا ملک بھر سے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے یہاں اکٹھا کرنا پی سی بی کا ایک خوش آئند عمل ہے۔
کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑی:
عبداللہ شفیق (سینٹرل پنجاب) ، اطہر محمود (ناردرن) ، فیصل اکرم (سدرن پنجاب) ، حارث سہیل (بلوچستان) ، عمران بٹ (بلوچستان) ، عرفان اللہ شاہ (خیبر پختونخوا) ، اسرار اللہ (خیبر پختونخوا) ، کامران غلام (خیبر پختونخوا ) ، میر حمزہ (سندھ) ، محمد عباس (سدرن پنجاب) ، محمد طحٰہ (سندھ) ، مبصر خان (ناردرن) ، مختار احمد (سدرن پنجاب) ، منیر ریاض (ناردرن) ، نعمان علی (ناردرن) ، عمیر بن یوسف ( سندھ) ، صاحبزادہ فرحان (خیبر پختونخوا) ، ساجد خان (خیبر پختونخوا) ، سلمان ارشاد (ناردرن) ، سعود شکیل (سندھ) ، تاج ولی (بلوچستان) ، عمر خان (سدرن پنجاب) ، عثمان صلاح الدین (سینٹرل پنجاب) ، وقار حسین (سدرن پنجاب) ، یاسر شاہ (بلوچستان) اور ضیاء الحق (سدرن پنجاب)۔