کیویز نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز جیت لی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر اختتام پذیر ہوا تھا، انگلینڈ کی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 122 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جیت کیلئے 37 رنز کا ہدف ملا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا

انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس نے پہلی اننگز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے جس میں روری برنس کے 81، ڈان لارنس کے 81 ناٹ آئوٹ نمایاں تھے، نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹرینٹ بولٹ نے چار، میٹ ہینری نے تین، اعجاز پٹیل نے دوجبکہ نیل ویگنر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 303 رنز کے جواب میں 388 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آئوٹ ہو گئے

ڈیون کانوے 80، ویل ینگ 82 اور روز ٹیلر نے 80 رنز کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کی جانب سے سٹیورٹ بورڈ نے چار، مارک ووڈ اور اولے سٹون نے دو دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور ڈان لارنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، انگلش ٹیم کا دوسری اننگز میں آغاز انتہائی مایوس رہا اور اس کی پوری ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی صرف مارک وڈ انتیس اور اولی پاپ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے تین، نیل ویگنر نے تین ، ٹرینٹ بولٹ نے دو اور اعجاز پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor