19 سالہ اطالوی کھلاڑی جانک سینر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واشنگٹن میں کھیلی گئی سٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ جیت لی، یہ ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے بڑا اے ٹی پی اعزاز ہے،جانک 2009 کے بعد سے شروع ہونے والی سٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں
اطالوی کھلاڑی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کے میکنزی ڈونلڈ کو سخت مقابلے کے بعد سات پاچ، چار چھ اور سات پانچ سے شکست دی، اپنی کامیابی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ میری توجہ اس بات پر نہیں ہے کہ میں نے کم عمری میں یہ اعزاز جیت لیا ہے میری توجہ اس وقت آئندہ آنے والے مقابلوں پر مرکوز ہے ان کا کہنا تھا کہ ابھی میں نے کیریئر میں بہت لمبا سفر طے کرنا ہے
تاہم اس کامیابی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ مقابلوں میں زیادہ بہتر کھیل پیش کروں گا، جانک سینر جو اس ٹورنامنٹ میں آنے سے قبل عالمی درجہ بندی میں 24 ویں پوزیشن پر تھے اس کامیابی سے اب ٹاپ ٹوئنٹی میں آجائیں گے جبکہ فائنل میں شکست کھانے والے میکنزی ڈونلڈ جو 107 ویں پوزیشن پر تھے اب 64 ویں پوزیشن پر پہنچ جائیں گے۔