کشمیر پریمیئر لیگ،شاہد آفریدی اور دیگر سٹارز کی عدم موجودگی میں راولاکوٹ ہاکس کو پہلی شکست

مظفر آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)اہم کھلاڑیوں کو آرام کرواتے ہوئے راولاکوٹ ہاکس نے قدرے ناتجربہ کار ٹیم میدان میں اتاری جس پر اوورسیز وارئیرز کا نوجوان آل راوٴنڈر عباس آفریدی چڑھ دوڑا۔ عباس آفریدی نے پانچ وکٹوں کا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے راولاکوٹ ہاکس کو 145تک محدود کردیا اور پھر ناصرنواز کی نصف سنچری نے واریئرز کو آسان فتح دلوادی۔

ٹاس جیت کر اوورسیز وارئیرز نے بولنگ کا آپشن اختیار کیا تو عمر امین اور صاحبزادہ فرحان نے پانچ اوورز میں 36رنز جوڑے۔ صاحبزادہ فرحان(21) اور سمیع اللہ آفریدی (18)ایک ایک چھکا لگانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ شاہد آفریدی کی عدم موجودگی میں کپتانی کرنے والے حسین طلعت نے 15گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کے ساتھ 23رنز بنائے۔ عباس آفریدی نے 42گیندوں پر چھ چوکوں کے ساتھ 54 رنز بنانے والے عمر امین کو آوٴٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی تو پھر نوجوان پیسر کو روکنا محال ہوگیا۔ راولاکوٹ ہاکس نے صرف 19رنز کے فرق سے سات وکٹیں گنوائیں تو 119/2کی صورتحال سے ہاکس 132/9کے ساتھ زمین پر آگئے اور اس تباہی کا ذمہ دار عباس آفریدی تھا جس نے صرف 18رنز کے بدلے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے ٹورنامنٹ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بادلوں سے گھرے آسمان تلے اوورسیز وارئیرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ناصر نواز اور نوید ملک کی اوپننگ جوڑی نے 105رنز کی شراکت کا اہتمام کرتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔نوید ملک چار چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 33بالز پر 45 رنز بنا کر فیصل الطاف کا شکار بنے جبکہ آصف آفریدی نے اعظم خان (2) کو آوٴٹ کرکے راولاکوٹ ہاکس کو دوسری کامیابی دلوادی۔ اس دوران ناصر نواز اپنی ففٹی مکمل کرچکے تھے لیکن غیر ضروری طور پر زوردار شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آصف آفریدی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ ناصر نواز نے 36 بالز پر دس چوکوں سے مرصع 56رنز کی اننگز کھیلی۔ گیارہویں اوور کی اخری گیند پر 116کے مجموعی اسکور پر ناصر نواز کی وکٹ گری جبکہ 12ویں اوور کی پہلی گیند کے بعد شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے کھیل روک دیا۔ بارش نے کچھ دیر کھیل ضرور روکا لیکن جب کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اوورسیز واریئرز کو جیت کیلئے 18اوورز میں 132رنز کا ہدف ملا جو حیدر علی اور آغا سلمان نے 14 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔

error: Content is protected !!