13 ویں پاکستان پریمئیر فٹ بال لیگ، پاکستان واپڈا اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیموں کی کامیابی

ملتان (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری 13 ویں پاکستان پریمئیر فٹ بال لیگ میں پاکستان واپڈا اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیموں نے اپنے، اپنےحریفوں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ گذشتہ شب قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ایئر فورس کو 1-2 گول سے ہرا دیا۔ وقفے تک پاکستان واپڈا کو پاکستان ایئرفورس کے خلاف 0-1 گول سے برتری حاصل تھی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عدنان سعید اور معاذ الرحمن نے ایک، ایک گول کیا جبکہ پاکستان ایئرفورس کی جانب سے واحد گول منصور خان نے کیا۔ ریفریز کے فرائض احمد رئوف، محبوب علی اور ماجد خان نے جبکہ میچ کمشنر کے شفاعت حبیب نے انجام دیئے۔


دوسرے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دی۔ وقفے تک
سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی اور دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول نہ کرسکیں۔ پہلے ہاف کے 26 ویں منٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کھلاڑی سہیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک جاری رہی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ ریفریز کے فرائض عدنان انجم، دلاور خان اور ندیم بٹ نے انجام دیئے۔ (آج) اتوار کو کراچی یونائیٹڈ کلب اور مسلم کلب چمن کی ٹیموں کے درمیان میچ رات ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!