تیسرے چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپین نیشنل بینک کی فتوحات کا سلسلہ جاری، واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم نے بھی میچز جیت لئے، پنجاب، پورٹ قاسم اور ایئرفورس کو شکست کا سامنانیول سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے دن کے پہلے میچ میں ماڑی پیٹرولیم نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-7 گول سے شکست دیدی.جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ماڑی پیٹرولیم کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی.ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے وقار علی اور عضنفر علی نے دو، دو گول اسکور کئے. فاتح ٹیم کی جانب سے وسیم اکرم، عمیر ستار اور عبدالرحمن نے بھی ایک، ایک گول اسکور کیا. پورٹ قاسم کی جانب سے واحد گول کاشف جواد نے کھیل کے 22 ویں منٹ میں بنایا.ماڑی پیٹرولیم کے وسیم اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جن کو ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین ایاز محمود نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ایونٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد علی خان بھی موجود تھے۔
دوسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ایئر فورس کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی. پاکستان واپڈا کی جانب سے علیم بلال، توثیق ارشد اور اعجاز احمد نے گول اسکور کئے.پاکستان ایئر فورس کی جانب سے دونوں گول رضوان علی نے پینالٹی کارنر پر اسکور کئے .میچ موسلادھار بارش کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا. اس میچ کے بہترین کھلاڑی علیم بلال قرار پائے۔ جن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین وسیم فیروز نے دیا۔
تیسرے میچ میں نیشنل بینک نے پنجاب کی ٹیم کو چار گول سے شکست دیدی.نیشنل بینک کی جانب سے فارورڈ محمد دلبر نے ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا. محمد دلبر نے پہلے، 46ویں اور 52ویں منٹ میں گول بناکر ہیٹ اسکور کی. دفاعی چیمپئن نیشنل بینک کا چوتھا گول جنید منظور نے 48 ویں منٹ میں بنایا.محمد دلبر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے .انکو معین ارشد کنٹری جنرل مینجر آپریشنز وارٹسلا نےمین آف دی مین ایوارڈ دیا۔کل دو میچز کھیلے جائینگے، پاکستان واپڈا کا سامنا پورٹ قاسم اتھارٹی سے صبح دس بجے اور پاکستان نیوی کا مقابلہ پاکستان آرمی سے شام چار بجے ہوگا.