پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور نصف سنچری بنائی۔ رضوان نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کے خلاف 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگ کھیلی جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ 2021 میں ٹی 20 میں رضوان کی 12 ویں نصف سنچری اور کیلنڈر سال میں ان کا 13 واں ففٹی پلس سکور تھا۔دنیا کے کسی اور کھلاڑی کے پاس 2021 میں ٹی ٹوئنٹی میں محمد رضوان سے زیادہ ففٹی پلس سکورز نہیں ہیں۔ پاکستانی کپتان بابراعظم نے رواں سال اب تک 12 ففٹی پلس سکورز بنائے ہیں جن میں 11 نصف سنچریاں اور 1 سنچری شامل ہے۔ 2021 میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ 50+ سکور رکھنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں محمد رضوان 27 اننگز میں 13 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ پہلے، بابراعظم 25 اننگز میں 12 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ دوسرے
نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 28 اننگز میں 10 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ تیسرے، فن ایلن 36 اننگز میں 10 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ چوتھے اور پروٹیز وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 26 اننگز میں 9 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ 5ویں نمبر پر براجمان ہیں ۔رضوان 2021 میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے کیلنڈر سال میں 27 اننگز میں 65.85 کی اوسط اور 136.05 کے سٹرائیک ریٹ سے 1317 رنز بنائے ہیں۔ ان کے بعد کیوی بلے باز گلین فلپس نے 2021 میں 45 اننگز میں 36.08 کی اوسط سے 1263 رنز بنائے ہیں۔
29 سالہ محمد رضوان موجودہ کیلنڈر سال میں ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔انہوں نے 14 اننگز میں 94 کی حیرت انگیز اوسط اور 140.03 کے سٹرائیک ریٹ سے 752 رنز بنائے ہیں ۔ رضوان پہلے ہی ایک کیلنڈر سال میں ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ، انہوں نے پال سٹرلنگ کو پیچھے چھوڑا جنہوں نے 2019 میں 748 رنز بنائے ، ان کے پاس ایک سال میں 1000 ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بننے کا سنہری موقع ہے۔